عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کرنا ہوگا، رانا ثناء

02 فروری ، 2023

بہاولپور (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات اکتوبر یا جب بھی ہو پاکستان کے غیور عوام عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے پاکستان کی سیاست سے منفی کرینگے ورنہ یہ شخص ملک کو کسی حادثے سے دوچار کردیگا ، کارکن یہ پیغام گھر، گھر پہنچائیں اور آپس کے اختلافات کو بھلا دیں، عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے پر عمل درآمد ہماری مجبوری ہے ،اگر ہم ایسا نہ کرتے تو پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا۔ وہ بہاولپور میں تنظیمی کنوونشن سے خطا ب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پنجاب کی حد تک ذمہ داری لیتا ہوں (ن) لیگ اکثریت لیکر حکومت بنائے گی، عمرانی ٹولے کے دور میں ساری قیادت جیلوں میں تھی، اس وقت مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کو جگایا اور متحرک کیا، مریم نواز کو والد کے سامنے گرفتار کیا گیا، مقبولیت کے پروپگنڈے آنے والے دنوں میں دم توڑیں گے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان اپنی مقبولیت کے جھوٹے دعوے کر رہا ہے، کہتا تھا اسلام آباد سمندر لیکر آؤں گا، ذلیل ہو کر واپس آیا تھا، کارکن لوگوں کو سمجھائیں مہنگائی اور مشکل وقت نواز شریف کے خلاف سازش کرنے کی وجہ سے ہے، یہ شخص فتنہ اور فساد ہے، یہ کہتا ہے مخالفین کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا، یہ ملک کی سیاست میں ناسور ہے قوم کو ادراک کرنا چاہیے۔