معظم عباسی پر قائم جھوٹے مقدمے کو فوری ختم کیا جائے، جی ڈی اے

02 فروری ، 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس نے مطالبہ کیا ہے کہ معظم عباسی پر قائم جھوٹے مقدمے کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور مقدمہ درج کرنے والے پولیس اہلکاروں کےخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس (جی ڈی اے )کے رکن سندھ اسمبلی معظم عباسی کے خلاف نوشہرو فیروز میں پولیس مقابلہ کا مقدمہ درج کرنے کے خلاف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنماؤں سید جلال محمود شاہ ، سردار عبدالرحیم ، سید زین شاہ ، خواجہ نوید امین اور جی ڈی اے کے ایم پی ایز حسنین مرزا ، نند کمار گوکلانی نصرت سحر عباسی ڈاکٹر رفیق بانبھن عبدالرزاق راہموں فقیر وریام اور دیگر نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے حکومتی دھونس قرار دیا ہے ۔جی ڈی اے رہنماؤں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ زرداری لیگ کو شکست دینے والے لاڑکانہ سے جی ڈی اے کے ایم پی اے معظم عباسی کے خلاف نوشہرو فیروز میں درج پولیس مقابلے کا جھوٹا مقدمہ خارج نہ کیا گیا تو جی ڈی اے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔ نوشہرو فیروز ضلع باگو دیرو میں پولیس اہلکار کے قتل میں ایم پی اے معظم عباسی کو ملوث کرکے سندھ حکومت جی ڈی اے کی مقبولیت سے خوفزدہ ہوگئی ہے، کرپٹ سندھ سرکار عوام کو ریلیف دینے کی بجائے سندھ بھر میں انتقامی کاروائیاں کرتے ہوئے اپنے مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے میں سرگرم ہے ۔ جی ڈی اے کے رہنماؤں نے حکمرانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہیں۔