اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی پرPTI کی شاندانہ گلزار پر غداری کا مقدمہ درج

02 فروری ، 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی پر پاکستان تحریک انصاف کی سابق ایم این اے شاندانہ گلزار پر تھانہ ویمن اسلام آباد میں غداری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ مجسٹریٹ عبدالہادی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ آفس میں موجود تھا کہ نجی ٹی وی چینل پر پی ٹی آئی رہنما کا انٹرویو نشر ہوا۔ جس میں شاندانہ گلزار نے کہا کہ پشاور کی رہائشی ہوں اس شہر کو چور چور ہوتے دیکھا، جزل مشرف کے دور میں جب جنرل نے خود کو فرعون سمجھنا شروع کیا تو شہر کی شامت آئی، طالبان کو پنجاب یا لاہور میں رکھیں کے پی میں ہی کیوں ہیں، بھارت ہمارا دشمن ہے انہیں بارڈر پر رکھا جائے وہاں کچھ ہوسکتا ہے۔ انٹرویو کا مقصد ملک اور عوام میں بدامنی، انتشار، شرانگیزی اور خوف پھیلانا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔