عمران نے IMF معاہدے سے پاکستان گروی رکھا، نواز شریف کے سوا چوائس نہیں، مریم نواز

02 فروری ، 2023

بہاولپور(نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرکے پاکستان کو گروی رکھ دیا،ملک کےپاس اب نوازشریف اور ن لیگ کے سوا کوئی چوائس نہیں، مخالفین سن لیں ، ہم میدان میں اتر چکے ہیں، الیکشن جب بھی ہونگے کلین سویپ کرینگے،میرے عہدے کی باتیں ہو رہی ہیں، میں عہدوں کی محتاج نہیں ہوں، موروثیت کی بڑی باتیں ہو رہی ہیں، عوام کی محبت کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں، مہنگائی کا احساس اور دل کوتکلیف ہے ،ہمیں جن حالات میں ملک ملا شکر کرو پاکستان بچ گیا ہے، یہ اگلے 12 سال کا پلان بنا کر بیٹھے تھے، جنہوں نے چار سالوں میں یہ حال کیا اگریہ پانچ کا ٹولہ بیٹھا رہتا تو پاکستان کا کیا حال کرتے؟ان خیالات کا اظہار انہوں نےبہاولپور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے پٹرول کی قیمتیں بڑھانی پڑتی ہیں، دہشت گردی کی بات کرنے والا کان کھول کر سن لے، جب وزیر اعظم رہا تو ایک بھی میٹنگ میں نہیں گیا،جس کو ہاتھ، آنکھیں کہتا تھا وہ افغانستان میں کھڑا ہو کر قہوہ پی رہا تھا۔ بدھ کو تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ پشاور میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، شہدا کے اللہ تعالی درجات بلند فرمائے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے چار سالہ جبر کے دور میں ن لیگی کارکنوں نے وفا نبھائی، جن حالات سے ملک گزرا، شکر کرنا چاہیےکہ پاکستان بچ گیا، عمران خان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے سخت معاہدہ کرکے وعدہ خلافی کی، عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے توڑنےکا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، پیٹرول، ڈیزل مہنگا کرنے کے پیچھے عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے ہیں۔ چیف آرگنائزر ن لیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچایا ہے، مجھے علم ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے،گیس بجلی ، روٹی مہنگی ہے، مہنگائی پر نوازشریف لندن میں پریشان ہیں، ذرا سوچیں وہ پانچ کا ٹولہ بیٹھا رہتا توپاکستان کا کیا حال ہوتا، عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرکے پاکستان کو گروی رکھ دیا، معاہدہ بہت برا کیا،کرسی جاتے نظر آئی تو معاہدے کی خلاف ورزی کرکےگئے۔