ٹیریان کیس، عمران نے والد ہونے نہ ہونے کی تصدیق کی نہ تردید

02 فروری ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ’’مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر‘‘ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر نااہلی کی درخواست پر اپنے تحریری جواب میں ٹیریان کے والد ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی بلکہ کیس سننے والے موجودہ چیف جسٹس پر بالواسطہ اعتراض اٹھایا ہے ۔ عمران خان نے اپنے جواب میں کہا کہ بطور رکن اسمبلی عوامی عہدہ چھوڑ چکا ہوں اس لئے درخواست قابل سماعت ہی نہیں ،لہذا خارج کی جائے ،اسلام آباد ہائیکورٹ آئینی دائرہ اختیار میں میرے کسی بیان حلفی کا جائزہ نہیں لے سکتی، عمران خان نااہلی کیس کی سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کریں گے۔ بدھ کو عمران خان نے نااہلی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ابتدائی تحریری جواب جمع کرا دیا ہے جس میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چار جج اس سے پہلے معاملے کو سننے سے معذرت کر چکے ہیں۔ عبدالوہاب بلوچ نے اسی معاملے پر پہلے درخواست دائر کی تھی۔ یکم اگست 2018کو جسٹس عامر فاروق اس کیس کو سننے سے معذرت کر چکے۔ جو جج پہلے کیس سے معذرت کر چکے ہوں وہ اسے دوبارہ نہیں سن سکتے۔