طالبان سے مذاکرات کے نتائج اچھے نہیں ملے، بیرسٹر سیف کی تصدیق

02 فروری ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ)خیبر پختونخوا حکومت کے سابق ترجمان بیرسٹر سیف نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے نتائج اچھے نہیں ملے،اب تحریک طالبان کے ساتھ مذاکرات کا کوئی سینس نہیں بنتا اور نہ کوئی تُک ہے۔ نہ ہی اب بات کرنے کی ضرورت ہے اب تو جنگ ہے۔ جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہاکہ طالبان کے کچھ لوگ رہا کئے گئے تھے، ان میں سے کچھ وہ لوگ بھی رہا کئے گئے تھے جو امریکا سے لڑے تھے، طالبان کو ری سیٹل کرنے سے متعلق ایک طریقہ ء کار بنایا جانا تھا، عدالتیں بھی تو قیدیوں کو معمولی جرائم میں رمضان اور عید پر رہا کر دیتی ہیں۔افغان طالبان نے حکومت پاکستان پر زبردستی دباؤ نہیں ڈالا تھا کہ تحریک طالبان سے مذاکرات کریں۔ وہ اُس وقت کی وفاقی حکومت کی پالیسی تھی۔مذاکرات میں افغان حکومت کا بھی کردار تھا، اب افغان حکومت اپنے مسائل کی وجہ سے کردار ادا نہیں کر رہی۔