عمران چاہتے ہیں انکے سوا باقی سیاستدانوں کو 62 ،63 پر پرکھا جائے، تجزیہ کار

02 فروری ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو پروگرام ’’آپس کی بات‘‘میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ میں ضیاء الحق کی کی گئی ترامیم کا مخالف ہوں، عمران خان چاہتے ہیں ان کے سوا باقی سیاستدانوں کو باسٹھ تریسٹھ کے معیار پر پرکھا جائے،سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ ٹیرین عمران خان کی بیٹی ہے توا نہیں بڑا ظرف دکھا کر تسلیم کرنا چاہئے، ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ سقوط ڈھاکا کے ذمہ داروں کے بے نقاب کرکے سزا دیدی جاتی تو آج 2017ء کے پانچ کرداروں کی بات نہیں ہورہی ہوتی، موجودہ حکومت ن لیگ کی نہیں قومی حکومت ہے، ہم کھل کر بتائیں گے کہ پانچ کرداروں نے کس طرح پاکستان کو اس حال تک پہنچایا، عمران خان کا جو کردار ہے کیا ریاست مدینہ کے دعویداروں کا کردار ایسا ہونا چاہئے، عمران خان نے پاکستان کی معیشت، اخلاقیات، سفارتی تعلقات کے ساتھ جو کچھ کیا اسے نااہل کرنا چھوٹی بات ہے ۔ سینئر تجزیہ کار مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ میں ضیاء الحق کی کی گئی ترامیم کا مخالف ہوں، عمران خان چاہتے ہیں ان کے سوا باقی سیاستدانوں کو باسٹھ تریسٹھ کے معیار پر پرکھا جائے، ایسے میں عمران خان کیلئے استثنیٰ کیسے پیدا کیا جاسکتا ہے، عمران خان ریاست مدینہ کی مثال دے کر اپنے لیے بہت مشکل معیار بناتے ہیں۔