گجرات، چوہدری وجاہت کی گرفتاری کیلئے پرویز الٰہی کی رہائشگاہ پر چھاپہ

02 فروری ، 2023

گجرات/ لاہور(نمائندگان جنگ) گجرات میں پولیس کی بھاری نفری نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ کنجاہ ہاؤس میں مسلم لیگ ق کے مرلزی رہنما اور ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے بھائی چوہدری وجاہت حسین کی گرفتاری کیلئے صبح سویرے چھاپہ مارا اور گھر کے گیٹ کو زبردستی کھولنے اور دیوار کے ساتھ سیڑ ھی لگا کر اندر داخل ہو نے کی کوشش کی،مختلف تھانوں کی پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری موقع پر موجود رہی،دوران چھاپہ پرویز الٰہی لاہور، مونس الٰہی اور حسین الٰہی بیرون ملک مقیم ہیں،پولیس کسی بھی گرفتاری کے بغیر پرویز الٰہی کی رہائش گاہ سے روانہ ہو گئی ۔ادھر پرویز الٰہی کے ترجمان ڈاکٹر زین علی بھٹی نےگجرات میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ دو ماہ کی عبوری حکومت کو چھاپے مارنے کا احتیار نہیں ہے،چھاپے کے دوران گھر میں خواتین بھی تھیں اور پولیس نے گھریلو ملازمین کو بھی ہراساں کیا اور ڈرایا دھمکایا،ن لیگ اور پنجاب کی عبوری حکومت نے یہ کا م کیا ہے،حکومت سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہو رہی مگر سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے۔ زین علی بھٹی نے مزید کہا کہ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کے گھر پر پولیس گردی کسی بھی صورت قبول نہیں ہے، دو ماہ کیلئے آنے والی نگران حکومت نے ظلم و بربریت اور فسطائیت کا بازار گرم کر رکھا ہےنگران،وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے ایسی کارروائیاں کروا رہے ہیں۔