دہشت گردی کے دوبارہ جڑ پکڑنے پر شہریوں میں خوف کی لہر

02 فروری ، 2023

پشاور (اے ایف پی) پولیس لائن پشاور کی جامع مسجد میں گزشتہ پیر کو خودکش بم دھماکے میں شہداء کی تعداد 101؍ ہوگئی ہے جس میں اکثریت پولیس اہلکاروں کی ہے۔ شہری بدامنی کے دوبارہ جڑ پکڑنے پر خوف و ہراس میں مبتلا ہیں شہری پولیس کی موجودگی میں خود کو محفوظ سمجھنے کے بجائے اس کے سائے سے بھی خوف کھانے لگے یہ 5؍ سال کے دوران ملک میں ہونے والا ہلاکت خیز ترین حملہ تھا جس میں دہشت گرد نے پکڑ میں آئے بغیر دھماکہ خیز مواد مسجد کےا ندر نمازیوں کی صف میں رکھ دیا۔ پشاور پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پولیس لائن پشاور کی مسجد میں دہشت گرد خود کش حملہ پولیس کے خلاف انتقامی کارروائی تھی۔ طالبان کے افغانستان میں برسراقتدار آنے کے بعد سے پولیس فورس عسکریت پسندی کے خلاف مسلسل برسرپیکار ہے۔ ایک سیلز مین فیصل خان نے کہا کہ پشاور میں زندگی مشکل ہوگئی جگہ جگہ چوکیاں بنا کر لوگوں کو پوچھاجاتا اور تلاشیاں لی جاتی ہیں۔