گوادر اور سی پیک سے خطے کا نقشہ بدل جائے گا،گورنر جمالی

03 فروری ، 2023

لسبیلہ (نامہ نگار/خ ن) قائمقام گورنر بلوچستان میرجان محمد جمالی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ساحلی علاقوں کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹر اینڈ میرین سائنسز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور صوبے کے دورافتادہ اضلاع کے نوجوانوں کو انکی دہلیز پرکوالٹی ایجوکیشن فراہم کرنے سے سمندری تجارت کے فروغ اور بلیو اکانومی کو مستحکم بنانے میں بھرپور مدد ملے گی، انہوں نے وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر دوست بلوچ اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ خطے کے روشن مستقبل کے تقاضوں کے پیش نظر یونیورسٹی کی کارکردگی میں مزید بہتر بنانے کیلئے شعوری کاوشیں کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز لسبیلہ یوبیورسٹی آف ایگریکلچر واٹر اینڈ میرین سائنسز کے ساتویں سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نذیر لانگو، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ، صوبائی سیکرٹری تعلیم حافظ عبدالماجد، صوبائی سیکرٹری غلام علی بلوچ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی، ڈاکٹر رخسانہ جبیں، ڈاکٹر فیصل کاکڑ، عبدالسلام، پرووائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی ڈاکٹر جلال فیض، رجسٹرار ڈاکٹر احمد نواز کھوسہ بھی موجود تھے، قبل ازیں قائمقام گورنر بلوچستان کو لسبیلہ یونیورسٹی کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں صحتمند ماحول کو فروغ دینے، تعلیمی معیار کو اونچا کرنے اور درس وتدریس کے طریقہ کار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے امور بھی زیر بحث آئے، قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ گوادر بندر گاہ کی مکمل فعالیت، انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر اور سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف گوادر بلکہ پورے کا خطے کا نقشہ بدل جائے گا، بعدازاں لسبیلہ یونیورسٹی کے احاطے میں سینٹ ہال کا افتتاح کیا اور یونیورسٹی کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا، لسبیلہ یونیورسٹی کے ساتویں سینٹ اجلاس کے شرکاء کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔