زرمبادلہ کے ذخائر 10 سال کی کم ترین سطح پر، 3.08ارب رہ گئے، انٹر بینک میں ڈالر کی بلند ترین پرواز

03 فروری ، 2023

کراچی (نمائندہ جنگ) زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا تسلسل برقرار‘دس سال کی کم ترین سطح پر آگئے ‘ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 59 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی کمی سے 8 ارب 74 کروڑ 17 لاکھ ڈالر رہ گئے‘اسٹیٹ بینک کی جانب سےجاری رپورٹ کے مطابق 27جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے اختتام پر غیر ملکی ادائیگیوں کے باعث زرمبالہ کے مجموعی ذخائر مزید کم ہوگئے ہیں‘اب اسٹیٹ بینک کے پاس 3ارب 8 کروڑ 62 لاکھ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس 5ارب 65 کروڑ 55 لاکھ ڈالر ہیں اور اس طرح مجموعی ملکی ذخائر 8ارب 74 کروڑ17 لاکھ ڈالر ہیں۔ادھرروپے کے مقابلے پر ڈالر کی قیمت میں2روپے تک کا اضافہ،یورو کی قیمت 4 روپے بڑھ گئی،پاؤنڈ بھی ایک روپے تک مہنگا ہو گیا،فاریکس ایسوسی ایشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جمعرات کو روپے کے مقابلے پر انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 2 روپے کے اضافے سے 266.00 روپے سے بڑھ کر 268.00 روپے اور قیمت فروخت 1.50 روپے کے اضافے سے 269.50 روپے سے بڑھ کر 271.00 روپے ہو گئی ہے ، دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت خرید2روپے بڑھنے کے بعد 269.00 روپے سے بڑھ کر 271.00 روپے اور قیمت فروخت ایک روپے بڑھنے کے بعد 273.00 روپے سے بڑھ کر 274.00 روپے ہو گئی ہے۔دریں اثناءعالمی مارکیٹ میں اضافے کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 2200 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 7ہزار 200 روپے فی تولہ اور10 گرام سونے کی قیمت 1887 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 77ہزار 641 روپے ہو گئی ہے ،چاندی کی قیمت بھی 50 روپے کے اضافے سے 2300 روپے فی تولہ ہو گئی ہے۔