PTIرہنمائوں کی گرفتاریاں اور مقدمات کیخلاف عمران خان کا صدر مملکت کو خط

03 فروری ، 2023

اسلام آ باد (آئی این پی ) سابق وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی رہنماں اور کارکنوں کی گرفتاریاں اور مقدمات کے خلاف صدر مملکت کو خط لکھ دیا۔ عمران خان نے پی ٹی آئی رہنماں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور مقدمات کے خلاف مسلح افواج کے سپریم کمانڈر صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھ دیا۔ سابق وزیر اعظم کا خط پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کے ذریعے ایوان صدر پہنچایا گیا۔ صدر مملکت کو بھیجے گئے خط میں پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کو دی جانے والی دھمکیوں اور ان پر تشدد کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔ خط میں پی ٹی آئی کور کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے 29جنوری کے اجلاس میں منظور کردہ متفقہ قرارداد بھی لف کی گئی ہے اور گورنر خیبرپختونخوا کی انتخابات کے حوالے سے 27 جنوری کی گفتگو کا متن بھی بھجوایا گیا ہے۔ بھجوائے گئے خط میں صدر مملکت کو مقتدر حلقوں کا سیاست میں مبینہ کھلے کردار کا نوٹس لینے اور انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کی سفارش کی گئی ہے۔