مودی حکومت نے ثابت کردیا ،اس کا کو ئی وژن نہیں ، راہول گاندھی

03 فروری ، 2023

نئی دہلی (اے پی پی):بھارت میں حزب اختلا ف کی مرکزی جماعت کانگریس نے نئے مالی سال کے بجٹ پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس پارٹی کے رہنماراہول گاندھی نے ایک ٹویٹ میں مودی حکومت کے بجٹ کو متر کال کا بجٹ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں نہ تو ملک میں ملازمتیں پیدا کرنے کا کوئی وژن ہے اور نہ ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عدم مساوات سے نمٹنے کا کوئی طریقہ موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک فیصدلوگ سب سے امیر 40فیصد ملکیت کے حامل ہیں، 50فیصدسب سے غریب اور64 فیصد جی ایس ٹی کی ادائیگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے 42فیصد نوجوان بے روزگار ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس بجٹ کے ذریعے مودی حکومت نے ثابت کردیا ہے کہ ملک کی تعمیر وترقی کیلئے اس کے پاس کو ئی وژن موجود نہیں ہے۔کانگریس کے صدرملکار جن کھڑگے نے متعدد ٹویٹس میں بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی حکومت کا یہ بجٹ ملک کو مدنظر رکھ کر نہیں بلکہ صرف آئندہ سال ہونے والے انتخاب کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے ۔