امریکا ٹیکساس میں برفانی طوفان، لاکھوں افراد بجلی سے محروم، 6 ہلاک

03 فروری ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں برفانی طوفان کی وجہ سے لاکھوں افراد تاریکی میں ڈوب گئے جبکہ مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی ہوگئے، ہزاروں پروازیں منسوخ، ٹرانسپورٹ کا نظام بھی متاثر، برفباری سے سڑکوں پر پھسلن کے واقعات کے بعد محکمہ موسمیات نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر اپنی گاڑیاں سڑکوں پر نہ لائیں، امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکساس کیساتھ ساتھ ارکنساس، اوکلاہاما اور ٹینسی میں بھی شدید برفباری کے باعث نظام زندگی معطل ہوگیا ہے ، نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے صورتحال مزید بدتر ہوسکتی ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدید برفانی طوفان نے رواں ہفتے امریکا کے جنوبی حصوں کو متاثر کیا جس کی وجہ سے ریاست ٹیکساس میں سفری سہولیات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ٹیکساس میں 3 لاکھ 40 ہزار افراد بدھ کی شام سے بجلی سے محروم ہیں، اسی کے ساتھ ہی پاؤر آوٹیج ڈاٹ یو ایس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہر آسٹن اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کا سامانا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برفانی طوفان کی وجہ سے امریکی ائیر لائنز کی جانب سے 2 ہزار 300 پروازیں منسوخ کی گئیں، فلائٹ آپریشن ڈیلاس اور آسٹن کے ہوائی اڈوں پر سب سے زیادہ متاثر ہوا۔