مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیلئے انٹرویوز آج ہونگے

03 فروری ، 2023

کراچی (سید محمد عسکری) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے انٹرویو آج ( جمعہ3فروری کو) ہوں گے چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق رفیع انٹرویو اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ مہران یونیورسٹی کیلئے 23سے زائد امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں۔ مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم عقیلی کی دوسری مدت گزشتہ سال ہوگئی تھی تاہم محکمہ بورڈز و جامعات نے وقت پر اشتہار نہیں دیا اور ڈاکٹر طحہ علی کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کردیا گیا تھا تب سے لے کر اب تک یونیورسٹی میں قائم مقام سے کام چلایا جارہا ہے۔ سیکرٹری بورڈز و جامعات مرید راحموں کے قریبی ذرائع کے مطابق جن امیدواروں کو انٹرویو کے لئے بلایا گیا ہے ان میں ڈاکٹر طحہ علی، مدد علی شاہ، ثمرین حسین، غوث بخش ناریجو ،ڈاکٹر رفیق، خان محمد بروہی، عبدالوحید، زاہد کھنڈ، انیل کمار، زاہد ابڑو، نور، غلام علی ملاح، ڈاکٹر مسرور شیخ، سکندر عباسی، عطااللہ خواجہ، رسول بخش مہر، اربیلہ بھٹو، عثمان کہریو، خان جی ، سلیم سموں اور دیگر شامل ہیں۔ ادھر داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیلئے ڈاکٹر ثمرین حسین کا فائنل کرلیا گیا ہے انہیں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے اور امکان یہ ہے کہ وہ مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں بھی پہلے نمبر پر ہوں گی تاہم وہ جس یونیورسٹی کو ترجیح دیں گی یہ ان پر منحصر ہوگا۔