کسی کیساتھ زیادتی نہیں، جرم کیا ہے تو سزا ملنی چاہئے، مریم نواز

03 فروری ، 2023

بہاولپور (اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگرکسی نے جرم کیاتوسزاملنی چاہیے،ناحق پکڑنے کے حق میں نہیں،ہمارے ہاتھ بندھے ہیں،ریلیف دینا چاہئیں بھی تونہیں دے سکتے، معیشت پرحملہ فتنہ خان نے کیا،انتقام پریقین نہیں،عمران خان نےآئی ایم ایف سے جو معاہدے کیے انکی پاسداری نہ کریں تو پاکستان ڈیفالٹ کرسکتا ہے، 10اپریل سے 28نومبر تک حکومت ن لیگ کی نہیں تھی، ن لیگ کی حکومت 28نومبر کے بعد شروع ہوئی ہے، اس سے پہلے تو لاڈلے کے سرپرست موجود تھے، شاہد خاقان بڑے بھائی اور خاندان کے فرد ہیں، ا نکی رہنمائی اور سرپرستی میں کام کرنا چاہتی ہوں، خود جا کر ان سے ملوں گی، مخالفین جو خوشی ڈھونڈ رہے ہیں وہ انہیں نہیں ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب اور خیبرپختونخوا صوبوں اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی اور مضبوط سیاسی جماعت ہے جو عمران خان اور انکے اتحادیوں کو شکست دے کر آئندہ انتخابات میں کلین سویپ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اشتعال انگیزی کے پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شخص کو سزا دی جائے اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی شکار کے حق میں نہیں ہیں۔ہمارے سیاسی حریفوں کی طرف سے سیاسی شکار کے پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی حریف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ شاہد خاقان عباسی کو قیادت سے کچھ اختلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ نے آئندہ الیکشن لڑنے کیلئے تمام انتظامات کر لیے ہیں۔ پشاور مسجد بم دھماکے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ سابق حکومت نے پڑوسی ملک کے ساتھ سرحدیں کیوں کھولی تھیں۔