گوانتا ناموبےکا پاکستانی قیدی ماجد خان 16 برس بعد رہا، بیلز بھیج دیا گیا

03 فروری ، 2023

واشنگٹن (اے ایف پی) گوانتناموبے میں 16 برس تک قید رہنے والے پاکستانی جنہیں سی آئی اے کے تشدد کا بھی سامنا رہا کو رہا کرکے کیریبین اور وسطی امریکی ملک بیلز بھیج دیا گیا ہے۔ ماجد خان کو 2003 میں امریکی حکام نے گرفتار کیا تھا جنہیں امریکی انٹیلی جنس نے 3 برس تک تفتیش کے بعد گوانتناموبے بھیج دیا تھا، انہوں نے 2012 میں معاہدے کے تحت اعتراف جرم کیا تھا کہ وہ اس وقت کے پاکستانی صدر کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث رہے تھے اور انڈونیشیا کے ہوٹل بم کی سازش کے لئے رقم لے کر گئے تھے۔ 42 سالہ ماجد خان کو امریکا کا ہائی ویلیو قیدی سمجھا جاتا تھا جنہیں نائن الیون کے حملوں کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، انہیں 2 برس قبل سزا سنائی گئی تھی۔ ماجد خان کو 26 سال کی سزا سنائی گئی تھی تاہم ان کیساتھ کئے گئے معاہدے کے تحت انہیں 2022 میں رہا کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔