سنگین چیلنجز کے باوجود عوام کو ریلیف دینا بھی ترجیح ہونی چاہئے،شاہد خاقان عباسی

05 فروری ، 2023

کلرسیداں(نمائندہ جنگ)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارٹی عہدہ کبھی بھی ان کی خواہش نہیں رہی۔ وہ چاہتے ہیں کہ مریم نواز کھل کر اپنا تنظیمی کام کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی پارٹی میں کسی بھی عہدے کے متمنی نہیں رہے۔ میاں نواز شریف سے طویل سیاسی رفاقت ہے مسلم لیگ ن ہی اوڑھنا بچھونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سنگین چیلنجزدرپیش ہیں ان مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینا بھی اولین ترجیح ہونی چاہیئے ہم لوگوں کی امید ہیں یہ امید ٹوٹنی نہیں چاہیئے۔کارکن مطمئن رہیں میں کہیں نہیں جا رہا ۔