آر آئی سی میں 24گھنٹے انجیوگرافی وپلاسٹی یقینی بنائی جائے،ڈاکٹر جمال ناصر

05 فروری ، 2023

راولپنڈی (جنگ نیوز) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے ہمراہ الائیڈ ہاسپیٹل،راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ہولی فیملی ہسپتال، بے نظیر بھٹو ہسپتال،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کا دورہ کیااور تمام ہسپتالوں کے مختلف شعبوں میں کارکردگی سے آگاہی حاصل کی۔اس موقع پرانہیں بریفنگ دی گئی۔ وزیر صحت نے ہسپتالوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے شعبہ ایمرجنسی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورے کے موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے حکم دیا کہ کارڈیالوجی میں مریضوں کو 24گھنٹے ایجوگرافی اور اینجو پلاسٹی کی سہولت کویقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہولی فیملی ہسپتال کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی تنخواہوں کے مسئلے کو حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ وزیر صحت نے تما م ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے سلسلے کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پیرا میڈکس اور لیڈی ہیلتھ سپرائزرز کے الاؤنس میں 25فیصد بڑھایاجا رہا ہے اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی آپ گریڈیشن کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔