بد ترین خارجہ پالیسی کے باعث بھارت کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے ،اعجاز الحق

05 فروری ، 2023

گوجرخان(نمائندہ جنگ) ہماری بدترین خارجہ پالیسی کی وجہ سے کشمیری عوام بھارتی ظلم و ستم برداشت کر رہے ہیں جبکہ مسلم ممالک پاکستان کا ساتھ دینے کی بجائے بھارتی قصائی وزیراعظم کو ایوارڈ سے نواز رہے ہیں۔ نوابزادہ نصراللہ خان اور حامد ناصر چٹھہ کے دور میں مسئلہ کشمیر اجا گر ہوا۔مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور مہم چلانا ہو گی۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کرنا چاہیں ۔ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر و صدر مسلم لیگ ضیاء اعجاز الحق نے نجی گرلز کالج میں تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پرنسپل راجہ محمد حاشر، وائس پرنسپل راجہ محمد عمیر،لیڈی پرنسپل مسز نادیہ جبار، وائس پرنسپل میڈم غلام زہرہ اور شہزادہ ارباب اعجاز بھی موجود تھے۔اعجاز الحق نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا 52 فیصد ہیں ملکی ترقی کے لئے خواتین کی تعلیم و تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام نہیں کریں گی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا ۔ اس موقع پر راجہ محمد حاشر نے انکو راجہ محمد ظہیر کی حیات و خدمات پر مشتمل کتاب مرد درویش پیش کی۔