اہم تنصیبات کی سکیورٹی کا جائزہ لے کر اضافی نفری تعیناتی کی ہدایت

05 فروری ، 2023

راولپنڈی، جہلم ، چکوال (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار، نمائندہ جنگ ) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن سید خرم علی نے ضلع جہلم کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولیس لائنز جہلم میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھانے کے بعد شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ آر پی او نے پولیس لائنز میں نرسری کا افتتاح کیا اور پودا بھی لگایا۔ انہوں نے بعد ازاں ڈی پی او جہلم دفتر میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں ڈی پی او جہلم ڈاکٹر فہد، ایس پی انوسٹی گیشن جہلم ڈاکٹر انعم فریال، ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی او ز اورایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ڈی پی او جہلم اور ایس پی انوسٹی گیشن نے جرائم کی مجموعی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف جاری آپریشن کے متعلق بریفنگ دی.آر پی او نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف مؤثر انداز میں کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ سنگین مقدمات کی تفتیش سپروائزری افسران اپنی نگرانی میں عمل میں لاتے ہوئے جلد یکسو کریں، جبکہ منشیات فروشوں کیخلاف جاری آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے۔ آرپی او نے کہاکہ تمام اہم تنصیبات کی سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے اضافی نفری لگائی جائے،تمام افسران اپنے علاقہ میں مؤثر گشت کو یقینی بناتے ہوئے سرپرائز چیکنگ کریں، انہوں نےکہاکہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، پتنگ فروشوں اور پتنگ بازی میں ملوث عناصر کیخلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائیں۔ آر پی او نے کہا کہ تھانے کی سطح پر عوام کو فوری انصاف کی فراہمی، میرٹ اور قانون کی بالادستی سمیت بہترین سروس ڈیلیوری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔دریں اثناء ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی چکوال میں  نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور دعا مانگی۔ انہوں  نے ڈی پی او دفتر کے کانفرنس روم میں ایس پی انوسٹیگیشن، سب ڈویژنل پولیس افسران اور ایس ایچ اوز کیساتھ کرائم میٹنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ سائلین کی دادرسی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے ۔ سید خرم علی نے ضلع کے سکیورٹی انتظامات کو سخت کرنے کا حکم دیا۔