یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ بار کامظاہرہ

05 فروری ، 2023

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خلاف ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے زیر اہتمام گزشتہ روز ضلع کچہری میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بار کے جنرل سیکرٹری راجہ محمد علی کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں نائب صدر شاہد حمید بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری ملک تجمل جاوید ودیگر نے شرکت کی۔ بار کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ مسلم ممالک کی پراسرار خاموشی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔