پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اسپتال پر 80فیصد مریضوں کے بوجھ کا انکشاف

05 فروری ، 2023

اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے ڈائریکٹر نیوکلیئر میڈیسن آنکولوجی اینڈ ریڈیو تھراپی انسٹی ٹیوٹ (نوری)ڈاکٹر محمد فہیم نے انکشاف کیا ہے کہ پی اے ای سی کینسر اسپتال ملک میں کینسر کے مریضوں کا بڑا بوجھ بانٹتے ہیں جو اس وقت 80 فیصد سے زیادہ ہے۔ کینسر کے عالمی دن کے موقع پر اٹامک انرجی کینسر اسپتال (اے ای سی ایچ) کی نوری میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فہیم نے حاضرین کو بتایا کہ 2007 کے بعد سے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔ صرف سال 2022 میں نوری میں 9000 سے زیادہ نئے کینسر کے مریضوں رپورٹ ہوئے ہیں جو خوفناک اعداد و شمار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاہم اس کے ساتھ ساتھ امید کی کرن بھی ہے کیونکہ کینسر سے بچ جانے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ نوری ملک کا واحد کینسر اسپتال ہے جو تمام جدید ترین اعلیٰ درستگی والے آر ٹی آلات سے لیس ہے۔ پوری دنیا میں کینسر کے اعدادوشمار شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تمباکو اور اس سے متعلقہ اشیاء جیسے پان اور گٹکا کے استعمال سے 60 لاکھ سے زائد مریض کینسر سے مر جاتے ہیں۔ سیمینار کے مہمان خصوصی ڈاکٹر راجہ علی رضا انور، چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے نوری اسپتال میں ڈاکٹر احمد قدوائی بلاک کا افتتاح کیا۔ چیئرمین پی اے ای سی نے کہا کہ پی اے ای سی اور نوری کینسر کے مریضوں کے لیے ʼامید کی کرنوں کے اقدام کی فعال طور پر حمایت کر رہے ہیں جس کا آغاز رافیل ماریانو گروسی، ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے کیا تھا۔