حنا ربانی کھر کی سری لنکن صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں

05 فروری ، 2023

اسلام آباد،کولمبو (نامہ نگارخصوصی، وقائع نگار، نیوزایجنسیز ) امور خارجہ کی وزیر مملکت حنا ربانی کھرنےکولمبومیں سری لنکا کے صدرکرما سنگھے اور وزیراعظم دنیش گناوردھنا سے ملاقات کی ہے، وزیر مملکت نے سری لنکا کے 75 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی،ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قریبی تعاون پر مبنی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیاگیا، دونوں ممالک کے درمیان بدھ مت کے مشترکہ ورثے اور عوام سے عوام کے روابط کےبارےمیں بھی گفتگو کی گئی۔ وز یر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر نے سری لنکا کے وزیر خارجہ علی صابری سے ملاقات کی ، سری لنکا کے 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے دوران ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حنا ربانی کھر نے علی صابری کو سری لنکا کی پلاٹینم جوبلی پر مبارکباددی ،ملاقات کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں نے دو طرفہ تعلقات کی تمام جہتوں پر بات چیت کی،ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان معیشت، سیاست اور تجارت سمیت دو طرفہ تعاون میں اضافے،اقوام متحدہ اور سارک سمیت مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کیساتھ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔ دریں اثناء حنا ربانی کھر نے بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے کے عبدالمومن سے ملاقات کی، ملاقات میں معیشت و تجارت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی مفاد کے دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔