عمران کیخلاف ہرجانہ کیس،افتخار چوہدری کانئی متفرق درخواست میں جسٹس بابرستارپراعتراض

05 فروری ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کیخلاف 20ارب روپے ہرجانہ کے حوالے سے ٹرائل کورٹ کے ایک آرڈر کیخلاف زیر سماعت مقدمہ میں درخواست گزار نے ایک نئی متفرق درخواست میں جسٹس بابر ستار پر اعتراض کردیا ہے جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل نیا بنچ تشکیل دیدیا گیا ہے جو جمعرات 9 فروری کو سماعت کریگا، اس سے قبل جسٹس میاں گل حسن کی سربراہی میں جسٹس بابر ستار بنچ کا حصہ تھے، درخواست گزار افتخار چوہدری نے متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا ہے جسٹس بابر ستار نے جج بننے سے قبل بطور وکیل ،صحافی اخبارات میں آرٹیکلز لکھے تھے جن میں میرا نام لیکر جوڈیشل ایکٹوزم پر تنقید کی تھی،جسٹس بابر ستار کو چاہئے کہ وہ بنچ سے علیحدگی اختیار کرلیں،یاد رہے کہ عمران خان نے افتخار چودھری پر 2013کے عام انتخابات میں دھاندلی کروانے کا الزام لگایا تھا جس پر انہوں نے ان کیخلاف اسلام آباد کی سول عدالت میں20ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے مقدمہ میں ٹرائل کورٹ کے ایک حکمنامہ کیخلاف مذکورہ بالا درخواست ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے جبکہ اسی کے باعث سول کورٹ میں کیس کی کارروائی بھی التواء کا شکار ہے۔