مقبوضہ کشمیر عالمی دنیا کے منصفوں سے انصاف چاہتا ہے،آصف زرداری

05 فروری ، 2023

اسلام آباد ( وقائع نگار)سابق صدر اور پی پی پی کے صدر آصف علی زرداری نے یوم کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر عالمی دنیا کے منصفوں سے انصاف چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر آج دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے جہاں انسانی حقوق کی پامالی روز کا معمول بن چکا ہے ، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے بعد اب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں مودی گردی کو بے نقاب کیا ہے ،مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کرے،کشمیری عوام کی آزادی ان کا بنیاد ی اور جمہوری حق ہے، پیپلزپارٹی کشمیری عوام کی جمہوری جدوجہد کی سیاسی اور اخلاقی حمایت اور رائے شماری کے مطالبے کی حامی ہے، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کا جس سفاکیت سے لہو بہایا ہے، انسانیت تا قیامت اس پر شرمندہ رہے گی ،مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی ان کا بنیادی حق ہے اور اقوام متحدہ کا یہ فرض ہے کہ وہ سکیورٹی کاوَنسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرا کر دنیا میں امن و انصاف کے متعلق اپنے منشور کی پاسداری کرے، فریال تالپور نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے شہداء کو خراج عقیدت اور عوام کو ان کے غیرمتزلزل جذبے و عزم پر سلام پیش کیا ہے۔