آئی ایم ایف شرائط قوم کے سامنے رکھی جائیں، سراج الحق

05 فروری ، 2023

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم آئی ایم ایف کے وفد کے سامنے سجدہ ریز ہیں، اس سے بڑھ کر قوم کی اور کیا تضحیک ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ایف قرض نہیں عوام کو زہر دے رہاہے، اس کی شرائط قبول نہیں، جماعت اسلامی مزاحمت کرے گی۔ 10 جنوری کو عوام کا سمندر لاہور سے اسلام آباد جائے گا، تین روزہ مہنگائی مارچ حکمرانوں اور آئی ایم ایف کے لیے پیغام ہے کہ قوم کو آپ کے بند کمروں کے فیصلے منظور نہیں۔ عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط کی مکمل تفصیل عوام کے سامنے رکھی جائے۔ ایک طرف مہنگائی دوسری جانب بدامنی ہے، حکمران نااہل مگر ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں، بہت ظلم ہو چکا، عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا انہیں کرپٹ نظام اور اس کے محافظوں سے نجات چاہیے، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی پر مشتمل ٹرائیکا ایکسپوز ہوگیا، اب کوئی ان کے گھسے پٹے بیانات اور تاویلیں سننے کو تیار نہیں، یقین سے کہتا ہوں ملک کو آئی ایم ایف اور بیرونی قرضوں کی ضرورت نہیں، حکمران اپنی کرپشن بند کریں۔ سود اللہ سے جنگ مگر اسلامی ملک کی حکومت اسے جاری رکھنے پر بضد ہے۔ وہ کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سالانہ اجتماع ارکان سے خطاب کررہے تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ استعماری طاقتیں ملک کے ہر شعبہ پر قابض ہیں، صرف پاکستان ہی نہیں پورا عالم اسلام ان کے اثر میں ہے، ہمارا تعلیمی نظام اور نصاب غیر ملکی این جی اوز اور صحت ڈبلیو ایچ او کے تسلط میں ہے، عوام جاگ چکے ہیں، کراچی نے بلدیاتی انتخابات میں انقلاب اور حقیقی تبدیلی کی نوید سنا دی، اب روشنی پورے ملک میں پھیلے گی۔ آئندہ الیکشن میں آزمائے ہوئے کرپٹ حکمرانوں کا صفایا ہوجائے گا۔ ملک اور بالخصوص خیبر پختونخواہ میں بدامنی کے خلاف 8 فروری کو کے پی بچاؤ مارچ ہو گا ۔