کشمیری بچوں کی حفاظت اور اسکول بھیجنا زندگی کا مشن ،صاحبزادی یاسین ملک

05 فروری ، 2023

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)حریت کشمیری رہنما یاسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطانہ نےبھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں معصوم بچوں پر بھارتی افواج کےظلم و ستم اور بربریت پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ سر کاری ریڈیوکے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری بچوں کوبنیادی تعلیمی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور پیلٹ گن کا استعمال بچوں اور ان کے والدین کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ رضیہ سلطانہ نے کہا کہ کشمیری بچوں کی حفاظت اور انہیں اسکول بھیجنا ان کی زندگی کا مشن ہے۔ اس کے لیے انہوں نے پاکستانی بچوں سے تعاون کی اپیل بھی کی۔ رضیہ سلطانہ نے بہادری سے للکارتے ہوئے کہا کہ وہ مودی سے نہیں ڈرتی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور بھارت ان کے والد یاسین ملک سے خوفزدہ ہیں اور اسی وجہ سے انہیں قید کیا گیا ہے۔ رضیہ سلطانہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں بند لوگوں نے کوئی جرم نہیں کیا اور ان کی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد پرامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ مسلمانوں کا قتل جرم ہے اور اس کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ رضیہ سلطانہ نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو مودی کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرائیں جو کشمیر کو منی انڈیا میں تبدیل کرنا چاہتاہے۔ حریت رہنما کی صاحبزادی نے پاکستان کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ معصوم لوگوں کے ساتھ کھڑا ہےاور کشمیر پاکستان کا حصہ ضرور بنے گا۔ دس سالہ رضیہ سلطانہ نے بچپن کی یادیں اور اپنے والد کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد یاسین ملک کو بہت یاد کرتی ہیں اور اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ جلد واپس آئیں گے۔ کشمیر کی بیٹی نے بتایا کہ چار سال گزر چکے ہیں جب اس نے آخری بار اپنے والد سے ٹیلی فون پر بات کی تھی۔ رضیہ سلطانہ نے بانی بابا قائداعظم محمد علی جناح کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے لیے رول ماڈل ہیں۔