اسلام آباد، تفریحی پارک میں مسلح افراد کی لڑکی سے زیادتی

05 فروری ، 2023

راولپنڈی ،وہاڑی (سٹاف رپورٹر،این این آئی) پولیس نے اسلام آباد کےایف نائن پارک میں چہل قدمی کے لئے آنے والی لڑکی کوبے آبرو کرنے والے مسلح ملزموں کی تلاش شروع کر دی ۔ذرائع کے مطابق لڑکی ہواخوری کیلئے دوست کے ساتھ پارک آئی تھی جسے مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا اور دوست کو الگ لے گئے ،انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی،ملزموں نے شور کرنے پرلڑکی کوتھپڑ مارے اوراسے درختوں کے جھنڈ میں لے جا کر تشدد کانشانہ بنایا اوراس کے کپڑے بھی پھاڑ دئیے۔ ملزموں نے اس سے زبردستی زیادتی کی ۔ لڑکی کی جانب سے پولیس کو دئیےگئے بیان کے مطابق دو ملزموں نے اس سے زیادتی کی، زیادتی کے بعد کپڑے دور پھینک دیئے تاکہ وہ بھاگ نہ سکے۔پولیس کے مطابق خاتون کا پمز ہسپتال میں میڈیکل کروایا گیا ہے اوراس کے جسم سے حاصل کئے گئے مواد سیمپل فرانزک سائنس لیبارٹری کوبھجوادئیے گئے ہیں ۔ڈاکٹروں کے مطابق لڑکی کے جسم پر زیادتی کے نشانات ہیں۔تھانہ مارگلہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیاجب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔پولیس پارک کے عملے کو بھی شاملِ تفتیش کرلیا ہے ۔دریں اثناوہاڑی میں مسافر بس میں 18 سال کی بس ہوسٹس کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔پولیس کے مطابق بس کے گارڈ نے اسلحہ کے زورپربس ہوسٹس کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگیا جسے بعدازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔پولیس نے بتایا کہ واقعہ چلتی بس میں پیش آیا، بس مسافروں سے خالی تھی کہ دانیوال کی حدود میں گارڈ نے بس کو لاک کرکے بس ہوسٹس سے زیادتی کی۔پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار متاثرہ بس ہوسٹس کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق تھانہ دانیوال پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔