قرآن پاک کی بے حرمتی کےخلاف احتجاجی ریلی،قانون سازی کامطالبہ

05 فروری ، 2023

لاہور(خبرنگار)قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کے زیر اہتمام سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کےخلاف کیتھڈرل چرچ سے احتجاجی ریلینکالی گئی۔ ریلی کی قیادت آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس اور مولانا محمد عاصم مخدوم نے کی۔ قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والے ملعون کو سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ کھیتریڈل چرچ ریگل چوک لاہور میں ہونے والے قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کے اجلاس میں چیئرمین آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء ،مولانامحمدعاصم مخدوم ،سید محمود غزنوی ،پادری عمائنول کھوکھر ،شاہ زادہ احسن گیلانی ،علامہ خالد محمود ،سیدہ شفقت زہرہ بخاری ،آغا صغیر عباس ورک ،فادر اشفاق انتھونی ،فادر نقاش ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے کہاکہ کوئی بھی مذہب کسی کی مقدسات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا ۔سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی دنیا کے امن کو خراب کرنے کی کوشش ہے جس کی ہم پرزور مذت کرتے ہیں۔مولانامحمدعاصم مخدوم نے کہاکہ قرآن مجید کی بے حرمتی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ہمارا مطالبہ ہے اس ملعون شخص کو سزا دی جائے اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے۔