پی ایس ایل 8ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں شروع

05 فروری ، 2023

ملتان (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے 8 ویں ایڈیشن کی شہر اولیا ملتان میں منعقد ہونیوالی افتتاحی تقریب کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔پی ایس ایل کا رنگا رنگ میلہ 13 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سجے گا جس میں دنیائے کرکٹ کے سٹار کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو کرکٹ اسٹیڈیم سجانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ کمپنی ورکرز نے کرکٹ اسٹیڈیم کے مختلف پویلینز کی صفائی شروع کردی ہے،کرکٹ اسٹیڈیم جانیوالی سڑکوں اور پارکنگ ایریا کی صفائی ستھرائی کا پلان بھی تیار کرلیا گیا ہے۔ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او سی ای او شکیل احمدبھٹی نے صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی میزبانی ملتان کے لئے اعزاز ہے۔انہوں نے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے پیش نظر صفائی کے مثالی انتظامات کرنے کی ہدایات کی اور کہا کہ پی ایس ایل کے موقع پر صفائی انتظامات کو" کلین ملتان"کا حصہ بنایا جائے گا۔