جیل بھرو تحریک میں قیادت پہلے گرفتاری دیتی ہے، حکومت

05 فروری ، 2023

اسلام آباد،لاہور(ایجنسیاں، جنگ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ’’جیل بھرو تحریک کے اعلان‘‘ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک میں قیادت سب سے پہلے گرفتاری دیتی ہے، لہٰذا عمران خان پہلے خود گرفتاری دیں،عمران خان میں جیل بھرو تحریک کا حوصلہ ہے اور نہ قابلیت اس لیے وہ ڈوب مرو تحریک شروع کریں، عمران اپنی سیاست کیلئےکارکنوں کو ڈھال بنارہےہیں،وزیرمملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا عمران خان کوجیل جانےکاشوق ہےتوضمانتیں کیوں کراتے ہیں،عطااللہ تارڑنےکہاکہ خان صاحب کو کسی نے شاید جیل بھرو تحریک کا مطلب غلط بتایا ہے، ایسی تحریک چلنے پر تمام زیر سماعت اور زیر التوا مقدمات میں درخواست کی ضمانتیں واپس لی جاتی ہیں۔ کیا خان صاحب فارن فنڈنگ کیس، سائفر کیس اور توشہ خانہ کیس میں ضمانت کی درخواستیں واپس لیں گے؟ دیگر رہنما بھی جیل جائیں گے؟وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نےفیصل کریم کنڈی کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں قیادت سب سے پہلے گرفتاری دیتی ہے۔عمران خان میں جیل بھرو تحریک کا حوصلہ ہے اور نہ قابلیت، جیل بھرو تحریک کیلئے سنجیدہ ہیں تو زمان پارک سے خواتین و بچے ہٹائیں، آپ کو جیل بھرو تحریک کی ضرورت نہیں، کیسز کا جواب دیں جیلیں خود بھر جائیں گی۔جن کی دودن میں آنکھیں بھرآتی ہیں وہ جیل بھروتحریک شروع کرینگے، عمران خان نے اپنے دور میں 25 ہزار ارب روپے کے قرضے لیے، ملک کوآئی ایم ایف کے حوالے کرنے کا جواب دینا پڑے گا۔