اپیکس کمیٹی نے افغان مہاجرین کے حوالے سے نظرثانی کا فیصلہ کرلیا، آئی جی KP

05 فروری ، 2023

پشاور( ارشد عزیز ملک) خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری نے کہا کہ اپیکس کمیٹی نے افغان مہاجرین کے حوالے سے پالیسی پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا ہے ،افغان باشندوں کی پاکستان آمد کو ریگولیٹ کیا جائے گا تاکہ ویزا ختم ہونے پر انہیں واپس بھجوایا جاسکے،کئی لاکھ افراد ویزا لیکر پاکستان آئے لیکن واپس نہیں گئے ۔پاکستان میں موجود غیرقانونی افغان باشندوں کو بھی گرفتار کرکے واپس بھجوادیا جائے گا ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اپیکس کمیٹی نے سمت کا تعین کردیا ہے افغانستا ن کیساتھ دہشتگردی کے معاملے کو اٹھایا جارہا ہے ۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت رہائش پذیر افغان مہاجرین کو تنگ نہیں کیا جائے گا وہ پاکستان میں رہ سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس اقوام متحدہ کی مصدقہ دستاویزات موجود ہیں لیکن غیرقانونی طورپر موجود افغان مہاجرین کو پاکستان میں رہائش رکھنے کا اختیار نہیں انہیں واپس بھجوایا جائےگا ۔معظم جاہ انصاری نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں افغان مہاجرین کو ریگولیٹ کرنےکا فیصلہ ہوا ہے کیونکہ اکثر افغان مہاجرین پاکستان آکر واپس نہیں جاتے اور یہاں رہ جاتے ہیں، اس لئے فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور تمام غیر قانونی افغان شہریوں کو ڈی پورٹ کیا جائیگا، اس کے علاوہ یو این ایچ سی آر کے تحت پناہ لینے والے ،مہاجر کارڈ کے حامل افغان مہاجرین اور ویزہ پر آنے والے افغان شہریوں کو بھی ریگولیٹ کیا جائیگا۔