سربراہ افغان طالبان سے دہشتگردوں کو روکنے کا کہیں گے، پاکستانی اہلکار

05 فروری ، 2023

اسلام آباد (اے ایف پی) پاکستانی حکام نے بتایا ہے کہ پشاور کی مسجد میں خودکش حملے کے معاملے پر اسلام آباد افغان طالبان کے سپریم لیڈر سے درخواست کرے گا کہ وہ دہشتگردوں کو پاکستان میں کارروائی سے روکیں۔خیبرپختونخوا میں پاکستانی پولیس کے ایک سینئر افسر نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں بتایا کہ وفد طالبان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کرے گا، انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اعلیٰ قیادت سے مراد افغان طالبان کے سربراہ ہبت اللہ اخونزادہ ہیں۔ افغان حکام نے اس معاملے پر فوری طور پر تبصرے سے انکار کردیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تہران اور کابل میں وفود بھیجے جائیں گے جو ان سے مطالبہ کریں گے کہ وہ دہشت گردوں کو اپنی اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں۔