اداروں کیخلاف مہم حکومت کا سخت اقدامات پر غور

05 فروری ، 2023

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ) عدلیہ اور فوج سمیت آئینی اداروں کیخلاف جاری نفرت آمیز مہم روکنے کیلئے حکومت نے سخت اقدامات پر غور شروع کردیا ہے ۔ اس ضمن میں ملوث افراد کو سزائیں دینے کیلئے قانون سازی بھی زیر غور ہے ۔ اداروں کو بدنام کرنے کیلئے جاری مہم کے دوران یہ پیش رفت انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ اس قانون سازی سے واقف ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ مجوزہ قانونی مسودہ زیر گردش ہے جس میں پاکستان پینل کوڈ اور کوڈ آف کرمنل پروسیجر میں تبدیلی کی جائیگی جس کے تحت پاک فوج اور عدلیہ کو بدنام کرنے میں ملوث افراد کو 5برس تک سزا دی جاسکے گی ۔ یہ مسودہ قانون کابینہ کے سامنے حتمی تیاری کے بعد پیش کیا جائے گا ۔