وہاڑی:سکیورٹی گارڈ نے ہوسٹس کو بس میں ہی زیادتی کا نشانہ بناڈالا

05 فروری ، 2023

گگومنڈی،راولپنڈی (نامہ نگار،سٹاف رپورٹر) پولیس نے اسلام آباد کےایف نائن پارک میں چہل قدمی کے لئے آنے والی لڑکی کوبے آبرو کرنے والے مسلح ملزموں کی تلاش شروع کر دی ۔ذرائع کے مطابق لڑکی ہواخوری کیلئے دوست کے ساتھ پارک آئی تھی جسے مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا اور دوست کو الگ لے گئے ،انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی،ملزموں نے شور کرنے پرلڑکی کوتھپڑ مارے اوراسے درختوں کے جھنڈ میں لے جا کر تشدد کانشانہ بنایا اوراس کے کپڑے بھی پھاڑ دئیے۔ ملزموں نے اس سے زبردستی زیادتی کی ۔ لڑکی کی جانب سے پولیس کو دئیےگئے بیان کے مطابق دو ملزموں نے اس سے زیادتی کی، زیادتی کے بعد کپڑے دور پھینک دیئے تاکہ وہ بھاگ نہ سکے۔پولیس کے مطابق خاتون کا پمز ہسپتال میں میڈیکل کروایا گیا ہے اوراس کے جسم سے حاصل کئے گئے مواد کا سیمپل فرانزک سائنس لیبارٹری کوبھجوادیا گیا ہے ۔ڈاکٹروں کے مطابق لڑکی کے جسم پر زیادتی کے نشانات ہیں۔تھانہ مارگلہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیاجب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔پولیس نےپارک کے عملے کو بھی شاملِ تفتیش کرلیا ہے ۔درین اثناء وہاڑی کےتھانہ دانیوال کی حدود میں نجی بس کمپنی کے سکیورٹی گارڈ نے اسلحہ کے زور پر 18سالہ بس ہوسٹس کو بس میں ہی زیادتی کا نشانہ بناڈالا ، گارڈ کئی گھنٹے بس کو لاک کرکے لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بناتا رہا اور حالت غیر ہونے پر باہر پھینک دیا جسکو ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی منتقل کردیا گیا ، زیادتی کی شکار لڑکی کا تعلق رحیم یار خان سے بتایا جارہاہے جو نجی بس کمپنی میں ہوسٹس کی ملازمت کرتی ہے۔شہریوں کی بڑی تعداد ہسپتال کے باہر پہنچ گئی جہاں ملزم کے خلاف آئی جی پنجاب اور آر پی او ملتان سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیا۔پولیس نے دعوی کیا ہے کہ سکیورٹی گارڈ اور بس ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔