چوہنگ، دھماکےسے تین منزلہ مکان گرگیا، 1شخص جاں بحق، 3کی ہلاکت کابھی خدشہ

05 فروری ، 2023

لاہور،چوہنگ، پھولنگر (کرائم رپورٹر سے،نامہ نگاران ) لاہور کے علاقہ چوہنگ ازمیر ٹائون میں اتوار کی صبح زوردار دھماکےسے تین منزلہ مکان کی عمارت گرگئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ملبے سے نکال لی گئی، تاہم ملبے تلے دبے2گھریلو ملازمائوں سمیت خاندان کے دیگر 3افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ ریسکیو ٹیمیں رات گئے بھی موقع پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے تھیں۔ دھماکے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ لاہور سے کر ائم رپو رٹرکے مطابق ایک کنال پر بنے تین منزلہ گھر میں سوئی گیس کی پائپ لائن پھٹنے سے دھماکہ ہوا جس سے دو کمرے زمین بوس ہوگئے جس کے سبب گھر میں موجود پانچ افراد ملبے تلے دب گئے۔  متاثرہ فیملی کا تعلق پتوکی کے نواحی علاقے محمد پورہ سندھو کلاں سرائے مغل سے ہے۔ ملبے تلے دبنے سے جاں بحق ہونیوالا سردار محمد طیب ڈوگر متعدد مرتبہ سرائے مغل کے علاقے سے ممبر ضلع کونسل منتخب ہو چکا ہے۔ گزشتہ صبح پونے آٹھ بجےطیب ڈوگر کے گھر میںزور دار دھماکےسے تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوئی۔چار افراد ملبے تلے دب گئے ۔طیب ڈوگر کی لاش نکال لی گئی۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ تین منزلہ عمارت زمین بوس ہونے کے ساتھ ساتھ آس پاس کے گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور ایک کلو میٹر تک دھماکے کی آواز سنی گئی۔ دھماکے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاموں میں حصہ لینا شروع کر دیا۔ سردار طیب ڈوگر کی لاش ملبے سے نکال لی گئی جبکہ اس کے والد سردار عارف ڈوگر اور دو گھریلو ملازمائیں شگفتہ اور آمنہ آخری اطلاعات تک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔