ریلیوں کے شرکا ء کو3درجاتی سکیورٹی فراہم کی جائےگی،سی سی پی او

05 فروری ، 2023

لاہور(کرائم رپورٹر )سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس یوم یکجہتی کشمیر پر سکیورٹی اور ٹریفک کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گی۔شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ایس پیز، ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوز سمیت 2 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان اہم مقامات، ریلیز اور پروگراموں کی سکیورٹی پرتعینات ہوں گے۔سی سی پی او نے مزید کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر نکالی جانے والی ریلیز اور سیمینارز سمیت تمام پروگراموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔حساس مقامات پر منعقدہ یکجہتی کشمیر ریلیز اور اے کیٹگری پروگراموں پر اضافی نفری تعینات ہو گی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ شرکاء کو تین درجاتی سکیورٹی حصار سے چیکنگ کے بعد ہی منعقدہ ریلیوں میں داخلے کی اجازت دی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس ٹیموں کو ریلیوں اور متعلقہ پروگرامز کے اطراف موثر پٹرولنگ کرنے کا حکم دیا۔