شہباز اور مریم نواز کی ملاقات، ناراض ارکان کو منانے کا فیصلہ

05 فروری ، 2023

اسلام آباد(نیوزرپورٹر،جنگ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پارٹی کے ناراض رہنمائوں کو منانے کا فیصلہ کیا گیا، دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمن نے بھی ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے وزیر اعظم کو ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا مشورہ دیا ہے ۔ مریم نواز سے ملاقات میں پارٹی کی تنظیم سازی ،ورکرز کنونشنز سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ قیادت نے پارٹی کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شہباز شریف نے مریم نواز کو شاہد خاقان عباسی سے جلد ملاقات کی ہدایت کر دی ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ممکنہ انتخابات کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی معاشی اورمہنگائی کی صورتحال کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ تاریخ پر مسلم لیگ ن بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی،علاوہ ازیں وزیر اعظم سے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے رائے ونڈ میں ملاقات کی۔جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں کو الیکشن اور معیشت سمیت تمام قومی امور پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے، ہم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے دن رات کوشش کر رہے ہیں،شہباز شریف نے کہا کہ ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں،مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کو قومی اسمبلی کے آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہئے۔ پنجاب و خیبر پختونخوا میں امن و امان اور اقتصادی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینی چاہئے۔