پاکستان نے بھارتی ایجنسیوں کا ایک اور منصوبہ ناکام بنادیا

05 فروری ، 2023

اسلام آباد،راولپنڈی (اے پی پی ، مانیٹرنگ نیوز )پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نےجھوٹے اور بے بنیاد آپریشن کا بھارتی ایجنسیوں کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا،بھارتی منصوبے کے مطابق کشمیریوں کو پیسے کا لالچ دیکر سمگلنگ پر آمادہ کیا جاتا ،موقع ملنے پر جعلی آپریشن میں مار دیا جاتا،بعد میں پاکستان پر دراندازی اور دہشتگردی کا الزام لگا کر آپریشن کا رنگ دیا جانا تھا،سی آئی ڈی کا مقبوضہ کشمیر پولیس سر براہ کو مراسلہ منظر عام پر آگیا جس میں منصوبے سے آگاہ کیا اور نظر انداز کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہے ، حاجی پیر سیکٹر، اڑی سیکٹر اور ضلع کپواڑہ میں جعلی آپریشن کا بھی ذکرکیا گیا ہے۔ جھوٹ، جعلی مقابلے اور ماورائے عدالت قتل بھارتی فوج کی پہچان بن چکے ہیں، فوجی کشمیریوں کو خود پیسے دیکر سمگلنگ کروا تے ہیں اورسمگلر کو جعلی آپریشن میں مار کر اور اسے آپریشن کارنگ دے کر ذاتی تشہیر کرتے ہیں۔ بھارتی ایجنسیوں کے منصوبے کے مطابق مجبور کشمیریوں کو پیسے کا لالچ دےکر اسمگلنگ پر آمادہ کیا جاتا اور موقع ملنے پر بےخبر اسمگلرز کو جعلی آپریشن میں مار دیا جاتا۔پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے پتہ لگایا گیا ہے کہ کامیابی پر 50 رائفل، 30 پستول، 20 دستی بم، 50 کلو منشیات آزاد کشمیر سے اسمگلنگ کا ڈرامہ رچایا جاتا، اسمگلنگ کے دوران جعلی اسمگلرز کو بھارتی فوج کے ہاتھوں مروا دیا جاتا۔بھارتی منصوبے کے مطابق کارروائی کو آپریشن کا رنگ دےکر پاکستان پر دراندازی اور دہشت گردی کا الزام لگایا جاتا، آپریشن میں ملوث افسران کو بطور انعام ہتھیار اور تعریفی اسناد سے نوازا جاتا۔پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے ناکام بنائے گئے منصوبے کے سلسلے میں سی آئی ڈی کشمیر کا جموں و کشمیر پولیس کے سر براہ کو مراسلہ منظر عام پر آیا ہے جس میں سی آئی ڈی کشمیر کا سربراہ جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ کو منصوبے سے آگاہ کرتے ہوئے اسے نظر انداز کرنے کی ہدایات دے رہا ہے، مراسلے میں 3راجپوت کے حاجی پیر سیکٹر، 12جاٹ کے اڑی سیکٹر اور ضلع کپواڑہ میں جعلی آپریشن کا ذکر ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج، را اور جموں کشمیر پولیس کے درمیان مودی سرکار کے سامنے نمبر بنانے کا سخت مقابلہ ہے۔