یوم یکجہتی کشمیر آج قومی عزم و جذبے کے ساتھ منایا جائیگا

05 فروری ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ، نیوز رپورٹر، وقائع نگار ،نامہ نگار ،خبر ایجنسیاں )یوم یکجہتی کشمیر آج قومی عزم و جذبے کے ساتھ منایا جائیگا تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستانی قوم کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا جا سکے،یہ دن بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے بدترین ظلم و ستم کو بے نقاب کرنے کے لیے بھی منایا جائے گا، ملک بھر میں صبح 10بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی،اسلام آباد، مظفرآباد، گلگت اور چاروں صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں یکجہتی واک کا انعقاد کیا جائے گا،وفاقی دارالحکومت میں واک کی قیادت احسن اقبال، خواجہ آصف اور قمر زمان کائرہ سمیت کابینہ کے ارکان کرینگے، جس میں پارلیمنٹرینز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے، کوہالہ اور پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے دیگر اہم مقامات پر انسانی زنجیریں بنائی جائیں گی،کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لیے اہم سڑکوں، ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر پوسٹرز اور بل بورڈز آویزاں کیے جائیں گے، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں مباحثہ و تقریری مقابلوں کے ساتھ ساتھ مضمون نویسی کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ آج ہم کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حق ِ خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے اظہار میں یوم ِ یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں ، ہم بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی دہائیوں پرانی مزاحمت میں بے لوث قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر پر ہم حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، بھارتی قابض افواج کی طرف سے جاری ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے عزم کو توڑ سکتی ہے اور نہ ہی ان کی جائز جدوجہد کو کمزور کر سکتی ہے، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہے۔ ہم ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ بھارتی جبر سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے، تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ہندوستان کے وحشیانہ اقدامات کو اجاگر کرتا رہے گا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت، ظلم وستم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں عیاں کر دیا ہے اب وقت آچکا ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار ممالک ادارے اور تنظیمیں کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں،ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق ہی حل ہوگا،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ناگزیر ہے، نہتے کشمیریوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہ تو ان کی تحریک آزادی کو متزلزل کر سکتا ہے اور نہ ہی پاکستان کے اصولی موقف کو بدل سکتا ہے،وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کا دن آج ( اتوار ) کو کل پورے قومی عزم اور جذبے کے ساتھ منائیں گے، وفاقی وزیر داخلہ راناثنا اللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج 5 فروری کو ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ،ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو نہیں بھولنے دیں گے، کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے ، ہمارا پختہ یقین ہے کہ کشمیری اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے ، وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسد محمود نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بہت جلد کشمیر سے بھارت کا غیرقانونی قبضہ ختم ہوگا اور کشمیری عوام کو غلامی سے نجات ملے گی ، وزیراعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہےکہ ماورائے عدالت قتل، غیر قانونی نظربندیاں، تشدد، جبری گمشدگیاں، اجتماعی سزائیں اور کشمیری رہنماؤں کو قید کرنے جیسے ریاستی دہشت گردی کے ہتھکنڈے کشمیریوں کی خواہشات کو دبانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ، عالمی برادری کہ کشمیریوں کے حقوق کے ضمن میں اپنی اجتماعی ذمہ داری تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کے مصائب کے حوالے سے مسلسل بے حسی کے خطے اور اس سے باہر کے لیے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے ، خطے میں پائیدار امن و سلامتی کا انحصار جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کے پرامن حل پر ہے ،وزیر مملکت برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے دونوں جانب اور دنیا کے دیگر ممالک میں بسنے والے کشمیری اتوار کو یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے ۔