عمران کے غیرذمہ داربیان کا مقصد سکیورٹی صورتحال کو نقصان پہنچانا ہے،اسحق ڈار

05 فروری ، 2023

ا سلام آباد (نامہ نگار،ایجنسیا ں) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان نہیں چاہتے کہ ملک آگے جائے اور عزت کیساتھ رہے،انتہائی معذرت کیساتھ، عمران خان چاہتے ہیں ملک عزت کے ساتھ آگے بڑھنے کے بجائے نیچے جائے،معاشی تباہی عمران کی بیڈ گورننس اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،ان کی غیر ذمہ دارانہ ٹوئٹ کا مقصدسکیورٹی صورتحال کو نقصان پہنچانا ہے، شہباز شریف اور عمران خان کا موازنہ کیا ہی نہیں جا سکتا، آئینی طریقے سے ہٹانے پر چیئرمین پی ٹی آئی پاگل ہو چکے ہیں ۔ سابق وزیراعظم کے ٹوئٹ پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی غیر ذمہ دارانہ ٹوئٹ کا مقصد ملک کی سکیورٹی صورتحال کو نقصان پہنچانا اور سیاسی ماحول کو گندہ کرنا ہے، عمران خان کی جانب سے دنیا میں 24 ویں نمبر کی معیشت کو 2022 میں 47 ویں نمبر پر پہنچانا ان کی بدانتظامی، نااہلی، نالائقی اور کرپشن سے بھرمار دور کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کا خمیازہ آج پاکستان کے عوام ناقابل برداشت مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ شہباز شریف نے ایک سیاسی جماعت کے لیڈر کے طور پر عمران خان کو نیشنل ایکشن پلان اور قومی سلامتی کیلئے ڈائیلاگ میں شرکت کی دعوت دی لیکن اس پر عمران خان کا احمقانہ ردعمل انتہائی حیران کن ہے۔دریں اثنااسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ڈی ایف)اور حکومتی اداروں (ایس او ایز) کے حوالہ سے وزارت خزانہ میں اجلاس ہوا۔جس میں پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ کے کردار اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور سرکاری اداروں میں گورننس کی بہتری کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے پی ڈی ایف کے کردار کے ازسرنو تعین اور ایس او ایز میں بزنس پلان، گورننس کی صورتحال اور مالیاتی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت پر زوردیا۔