یوم یکجہتی کشمیرآج بھرپور انداز سے منائیں گے، کائرہ

05 فروری ، 2023

اسلام آباد (این این )وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان نے آج یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لیں،اندرون و بیرون ملک پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سول ایویشن،پاکستان ریلوے،میٹرو بس اور این ایچ اے ہوائی اڈوں،ریلوے اسٹیشنز،میٹرو بس اسٹیشنز اور ٹول پلازوں پر یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے بینرز آویزاں کر رہے ہیں، سی ڈی اے نے اسلام آباد کی تمام اہم شاہراؤں پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز آویزاں ہیں، سیلولر / موبائل کمپنیاں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی پیغامات نشر کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ تمام صوبائی حکومتوں اور گلگت بلتستان نے اس دن کے حوالے سے خصوصی تقاریب،سیمینارز، تصاویری نمائش، ریلیز،تقریری مقابلوں،جلسے جلوس، سکول وکالجزمیں مضمون نویسی جیسی سرگرمیوں کا انتظام کر رکھا ہے۔