نگران حکومت پنجاب کیخلاف کیس، لاہور ہائیکورٹ کا 5 رکنی بنچ تبدیل

05 فروری ، 2023

لاہور ( کورٹ رپورٹر )نگران حکومت پنجاب کے دائرہ اختیار کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ کا پانچ رکنی لارجربینچ تبدیل ہوگیا، جسٹس رسال حسن سید نے طبی بنیادوں پر بنچ کا حصہ بننے سے معذرت کرلی، چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے جسٹس شاہد کریم کو پانچ رکنی لارجر بنچ میں شامل کردیا، سربراہ جسٹس علی باقر نجفی جبکہ دیگر ارکان میں جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس عاصم حفیظ شامل ہیں، جسٹس مزمل اختر شبیر نے پنجاب کی مختلف پبلک کمپنیوں، محکمہ جات اور اداروں کے سربراہان کو عہدوں سے ہٹانے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے فل بنچ بنانے کی سفارش کی تھی جس پر چیف جسٹس نے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں فل بنچ تشکیل دیاتھا، جسٹس مزمل اختر شبیر نے 27 جنوری کو مزید سماعت سے معذرت کرلی ، چیف جسٹس کے حکم سے اُسی روزمذکورہ کیس جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں فکس کیا گیا ، تاہم بروز جمعہ عدالتی وقت کی کمی کے باعث فاضل جج دستیاب نہ تھے،درخواست گزار کے وکیل کے اصرار پر دفتر نے کیس کوفاضل چیف جسٹس کے حکم سے جسٹس عاصم حفیظ کی عدالت میں سماعت کے لئے مقرر کیا اور جسٹس عاصم حفیظ نے27 جنوری کو ابتدائی سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کردیے،فاضل جج نے دوبارہ یکم فروری کو کیس پر سماعت کی، وکلاءکے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ زیرِ سماعت کیس الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کی کلاز"g" سے متعلق ہے ، چیف جسٹس نے نگران حکومت کے دائرہ اختیار کے خلاف دائر تمام دائر درخواستوں کو یکجا کرتے ہوئے جسٹس شجاعت علی خان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ تشکیل دے دیا، لیکن فاضل جج کی جانب سے بنچ کی سربراہی سے معذرت کی گئی، بعد ازاں چیف جسٹس کی جانب سے لارجر بنچ کی تشکیلِ نو کرتے ہوئے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لارجر بنچ تشکیل دیا گیا ہے جس میں جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس مزمل اختر شبیر ،جسٹس رسال حسن سید اور جسٹس عاصم حفیظ شامل تھے۔