سندھ ہائیکورٹ، ملک بھر میں حراستی مراکز کی فہرست طلب ، وفاقی حکومت کو لاپتا افراد کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت

05 فروری ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو لاپتا افراد کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ سے ملک بھر میں قائم حراستی مراکز کی فہرست طلب کرلی۔ ہائی کورٹ میں لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا شہری جاوید لیاقت آباد کے علاقے سے 2017 سے لاپتا ہے۔ محمد عمر فاروق پانچ سے سال سے لاپتا ہے، بازیاب کرایا جائے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو لاپتا افراد کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے سیکریٹری داخلہ سے ملک بھر میں قائم حراستی مراکز کی فہرست طلب کرلی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شہری طویل عرصے سے لاپتا ہیں، بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔