حکومت بتائے کیا چاہتی ہےمفاہمت اور ٹکراؤ دونوں کے لیے تیار ہیں ، شاہ محمود

05 فروری ، 2023

راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مفاہمت اور ٹکراؤ دونوں کے لیے تیار ہے، حکومت بتائے کیا چاہتی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آج قوم کی ضرورت کیا ہے، آپ دہشتگردی کے عالم میں یکجہتی چاہتے ہیں یا انتشار دیکھنا چاہتے ہیں؟، وزیراعظم نے پشاور دھماکے کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے، ہمیں بھی دعوت دی گئی ہے، دوسری طرف ہمارے پارٹی رہنماؤں پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا وزیراعظم دعوت سے پہلے فیصلہ کریں الزام لگانا ہے یا دعوت دینی ہے، سیاسی انتقام لینا ہے یا شرکت کی دعوت دینی ہے، دو چیزیں ایک وقت میں نہیں چل سکتیں، فیصلہ کریں آپ کیا کرنا چاہتے ہیں؟ آپ کا ایجنڈا دہشتگردی کا مقابلہ نہیں، کیسز سے رہائی ہے، آپ اے پی سی میں شرکت کی دعوت دے کر لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی گزشتہ 3 سال کا سلسلہ نہیں، پوری قوم گزشتہ 20 سال سے دہشتگردی کا مقابلہ کر رہی ہے، ٹی ٹی پی سے بات چیت کا آغاز نوازشریف نے 2013 میں کیا، جب بات چیت ناکام ہوئی تو آپریشن کا آغاز ہوا، ہمارے ساڑھے 3 سالوں میں دہشتگردی کے واقعات میں نسبتاً خاطر خواہ کمی آئی۔