معیاری تعلیم کا فروغ ملکی ترقی و تعمیر کیلئے ناگزیر ہے، راجہ پرویز اشرف

05 فروری ، 2023

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں، قوم کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانے کیلئے ان معماروں کی بہترین تعلیم و تربیت ضروری ہے ۔انہوں کہا کہ تعلیم خصوصاً معیاری تعلیم کا فروغ ملکی ترقی و تعمیر کیلئے ناگزیر ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے اجتماعی سطح پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ ہفتہ کو سکھو، گوجر خان میں نجی سکول کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نےکہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سےکیے گئے اقدامات کیساتھ ساتھ نجی شعبہ بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجر خان میں تعلیم کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان کے روشن کل کیلئے مستقبل کے ان معماروں کی بہترین تعلیم و تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔