سانحہ پشاور، جے یو آئی کا صوبہ گیر امن مارچ کا اعلان

05 فروری ، 2023

پشاور (سٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام نے سانحہ پشاور شہدا اور پولیس فورس کیساتھ اظہار یک جہتی کیلئے 5 سے 12 فروری تک صوبہ گیر امن مارچ کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پشاور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں امن ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اس بات کا فیصلہ پشاور میں جمعیت علمائے اسلام خیبرپختونخوا کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمن کررہے تھے ،اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، پولیس لائنز میں پولیس اہلکاروں کی شہادت، تنظیمی صورتحال، آئندہ انتخابات اوردیگر اہم آمور پر غورکیا گیا ،جے یوآئی کے ترجمان حاجی عبد الجلیل جان نے اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پولیس لائنز پشاور میں بم دھماکہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری اہلکاروں کی شہادت کو ایک بہت بڑا سانحہ قرار دیا ،اجلاس میں شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔