معاشی تباہی پھیلانے والوں کو سامنے لاکر کارروائی کی جائے، اعظم سواتی

05 فروری ، 2023

اوکاڑہ(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک ا نصاف کے سینٹراعظم سواتی نے کہا ہے کہ حکومتی اے پی سی میں چوروں کے پاس جانے کی بجائے بہتر ہے کہ میں وکلاء کے پاس جاؤں،کوئی ملک بھی قانون کی حکمرانی کے بغیر نہیں چل سکتا،فواد چودھری،شیخ رشید و دیگر کی گرفتاریاں بلا جواز ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیپالپور میں انصاف لائرز فورم کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سینٹر اعظم سواتی نے کہا کہ جس ملک میں قاتلانہ حملے کا شکار مدعی اپنی مرضی کے مطابق ایف آئی آر درج نہ کروا سکے اس ملک میں انصاف کا اللہ ہی حافظ ہے قانون و آئین کی بالادستی ہو تو پھر کسی کی بھی غیر قانونی گرفتاری نہیں ہو گی اور نہ ہی ہمیں ملکی معیشت کے حوالے سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا،سینٹر اعظم سواتی نے کہا کہ یہاں پر ”جو“ پارٹیاں توڑتے اور بناتے ہیں ”انکا“ کام پارٹیاں توڑنا اور بنانا نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ جب تک ملکی معاملات درست نہیں ہوتے وہ قطعی اپنے بیانیہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے چند لوگ ملکی مفاد کے خلاف ہیں ان کے خلاف اپنی زبان بندی نہیں کروں گا، جنہوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا ہمیں معاشی حوالے سے در بدر ہونے پر مجبور کیا ہے ان کا تعین اور ان کے خلاف کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔