پاکستان میں سماجی تحفظ کا دائرہ کار وسیع کرنا ہماری اولین ترجیحات ہیں،شازیہ مری

05 فروری ، 2023

واشنگٹن(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)شازیہ عطا مری نے کہا کہ پاکستان میں سماجی تحفظ کا دائرہ کار وسیع کرنا خصوصا تعلیم، صحت اور غذائی تحفظ ہماری اولین ترجیحات ہیں۔عالمی بینک کی جانب سے تکنیکی معاونت کی بدولت پاکستان میں سماجی تحفظ کے پروگراموں کی رسائی بہتر ہوگی بلکہ ان پروگراموں پر مئوثر عملدر آمد میں مدد ملے گی ۔ہفتہ کے روز شازیہ مری نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک کے گلوبل ڈائریکٹر برائے سماجی تحفظ اور روزگار میکال رٹکوسکی سے ملاقات کی۔اس موقع پر امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر سردار محمد مسعود خان بھی موجود تھے۔ دورے کا مقصدسماجی تحفظ کے حوالے سے پاکستان کے تجربات سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ ڈائریکٹر رٹکوسکی نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ عالمی بینک پاکستان میں فراہم کی جانے والی معاونت کو مزید وسعت دے گا تاکہ ہنر، تربیت اور دیگر ذرائع کو برے کار لاتے ہوئے ملک کی سماجی تحفظ کی حکمت عملی کو مزید موثر بنایا جا سکے۔